برطانیہ کی سائنوویک، سائنوفارم ویکسین کی منظوری، پاکستانی سفر کر سکیں گے

برطانیہ نے غیرملکی مسافروں کے لیے پاکستان میں لگائی جانے والی دو کورونا وائرس ویکسین سائنوویک اور سائنوفارم کی منظوری دے دی ہے۔
برطانوی حکومت کے مطابق 22 نومبر سے سے سائنوفارم اور سائنوویک ویکسین لگوانے والے بھی برطانیہ میں داخلے کے لیے اہل ہوں گے۔
اس سے قبل برطانیہ میں صرف فائزر، جینسن، موڈرنا اور ایسٹرازینکا ویکسین لگوانے والے افراد کو ہی داخلے کی اجازت تھی۔برطانیہ کے پاکستان میں ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے سائنوفارم، سائنوویک اور کوویکسن کی منظوری کو پاکستانی مسافروں کے لیے اچھی خبر قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ 22 نومبر سے نئے سفری قوانین کا اطلاق ہوگا۔
برطانیہ آنے والے مسافروں کو ملک میں داخلے کے لیے ویکسین لگوانے سے متعلق ثبوت یعنی ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ بھی فراہم کرنے ہوں گے۔رواں سال ستمبر میں برطانیہ نے پاکستان کو اپنی ’ریڈ لسٹ‘ سے نکال دیا تھا اور حکام کی جانب سے کہا گیا تھا کہ برطانیہ میں داخلے کے وقت نادرا کا سرٹیفیکیٹ قابل قبول ہوگا۔
واضح رہے گذشتہ ماہ پاکستان کے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے برطانیہ پر چینی ویکسین کو قبول نہ کرنے پر شدید تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ ان ویکسینز کو عالمی ادارہ صحت منظور کرچکا ہے تو برطانیہ کو بھی کرنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں