نئے چیئرمین کا انتخاب: پی سی بی گورننگ بورڈ کا خصوصی اجلاس پیر کو ہوگا

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کے انتخاب کے لیے پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا خصوصی اجلاس پیر کوہوگا۔

36 ویں چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا خصوصی اجلاس صبح 11 بجے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں منعقد ہوگا جہاں پی سی بی کے الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈشیخ عظمت سعید خصوصی اجلاس کی صدارت کریں گے۔

گورننگ بورڈ کے دیگر ممبران عاصم واجد جواد ، عالیہ ظفر، اسد علی خان ، عارف سعید، جاوید قریشی، رمیز راجہ اور وسیم خان اس خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اجلاس کے بعد پی سی بی کے نو منتخب چیئرمین دوپہر  2 بجے کے بعد نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں واقع باب وولمر انڈور اسکول میں پریس کانفرنس کریں گے۔ 

تمام افراد کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر پی سی بی کے کووڈ 19 پروٹوکولز کے تحت صرف رپورٹرزکو کانفرنس میں شرکت کی اجازت ہوگی جب کہ ان افراد کو اپنا کووڈ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بھی ہمراہ لانا ہوگا۔

واضح رہےکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ان چیف کی حیثیت سے وزیراعظم عمران خان نے سابق کرکٹر رمیز راجہ کے بطور چیئرمین بورڈ تقرری کی منظوری دی ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں