امریکہ میں صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ’ویکسین کی مکمل خوراکیں لینے والے افراد میں ان لوگوں کی نسبت جن کی ویکسینیشن نہیں ہوئی، کورونا وائرس سے ہلاک ہونے کا خطرہ 11 گنا کم اور ہسپتال داخل ہونے کے امکانات 10 گنا کم ہو جاتے ہیں۔‘
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کا ڈیلٹا ویریئنٹ بہت عام ہو چکا ہے، بیماری سے بچاؤ اور روک تھام کے مرکز کی جانب سے شائع ہونے والے تین نئے صفحات کے ڈیٹا میں ویکسین کی افادیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
ڈیٹا کے مطابق موڈرنا ویکسین ڈیلٹا کی قسم سے زیادہ تحفظ فراہم کرتی ہے تاہم اس کی وجوہات ابھی پوری طرح سامنے نہیں آسکیں۔
یہ تحقیق صدر جو بائیڈن کی اعلان کردہ اس حکمت عملی کے بعد سامنے آئی ہے جس میں 100 یا اس سے زیادہ ملازمین رکھنے والی کمپنیوں کو پابند کیا گیا ہے کہ یا تو وہ اپنے عملے کی ویکسینیشن کرائیں یا ہر ہفتے ان کا ٹیسٹ کرائیں۔
سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے ڈائریکٹر روچیل والینکسی نے جمعے کو پریس بریفنگ میں بتایا کہ ’جیسا کہ ایک کے بعد ایک تحقیق میں ہم دیکھ رہے ہیں کہ ویکسینیشن (کورونا کے خلاف) کام کر رہی ہے۔‘
پہلی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ چار اپریل سے 19 جون کے درمیان 13 علاقوں میں لاکھوں کیسز رپورٹ ہوئے۔ یہ کیسز ڈیلٹا ویریئنٹ سے قبل سامنے آئے تھے جن کا 20 جون سے 17 جولائی تک موازنہ کیا گیا۔
اس عرصے کے دوران ویکسین لگوانے والے ایک شخص میں کورونا سے متاثر ہونے کا امکان بڑھا یعنی اس وائرس سے متاثر ہونے کا خطرہ جو ویکسین نہ لگوانے والے افراد سے 11 گنا کم تھا جو بعد میں پانچ گنا کم ہوگیا۔
جون سے اگست تک کے جائزے پر مبنی ایک اور تحقیق میں اس وبا کا شکار ہو کر ہسپتال میں داخل ہونے والوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ ویکسین لگوانے والوں کے ہسپتال میں داخل ہونے کے امکانات بہت کم تھے۔ موڈرنا کی افادیت 95 فیصد جبکہ فائزر کی 80 اور جانسن اینڈ جانسن کی 60 فیصد تھی