پیر کو کراچی، لاہور اور پشاور میں ہونے والے ٹیسٹوں کے آج نتائج آئے جن کے مطابق محمد حفیظ، وہاب ریاض، فخر زمان، محمد رضوان، عمران خان، کاشف بھٹی اور محمد حسنین میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی جب کہ عملے کے ایک شخص میں بھی وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
گذشتہ روز کرکٹ بورڈ نے راولپنڈی میں ہونے والے ٹیسٹوں کے حوالے سے مطلع کیا تھا کہ ان ٹیسٹوں میں تین کھلاڑیوں کے ٹیست مثبت آئے تھے۔ ان کھلاڑیوں میں نوجوان کرکٹر حیدر علی، حارث رؤف اور شاداب خان شامل تھے۔
یہ ٹیسٹ پاکستان کے دورہ انگلینڈ کے حوالے سے کیے جا رہے ہیں اور ان تنائج کے بعد گمان کیا جا رہا ہے کہ پاکستان کا دورہ انگلینڈ کھٹائی میں پڑ گیا ہے
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انگلینڈ کرکٹ کے ڈائریکٹر نے آج اس بات کی امید ظاہر کی تھی کہ پاکستان کے تین کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود بھی سیریز ہونے کے لیے وہ پرامید ہیں۔
سات نئے کھلاڑیوں میں تشخیص کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ نئے نتائج آنے کے باوجود بھی انگلینڈ کا دورہ شیڈول کے مطابق ہو گا۔
کرکٹ ٹیم اور عملے کے اس وقت صرف تین افراد کے ٹیسٹ ہونا باقی ہیں۔ کھلاڑی شعیب ملک، کوچ وقار یونس اور فزیو کلف ڈیکن کے ٹیسٹ ہونا ابھی باقی ہیں۔
مثبت ٹیسٹ آنے والے تمام کھلاڑیوں کو قرنطینہ میں رہنے کی ہدایات کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کر دی گئی ہیں۔