پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

ثنا نے اپنے کیریئر میں 226 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی اور 2009 سے 2017 کے درمیان 137 میچوں میں پاکستان کی کپتانی کی۔

پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنامیر نے آج ( ہفتے کو) اپنے 15 سالہ کرکٹ کیریئر کو خیر آباد کہتے ہوئے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

ثنا نے اپنے کیریئر میں 226 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی اور 2009 سے 2017 کے درمیان 137 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی کپتانی کی۔

انہوں نے اپنے ایک روزہ کرکٹ کیریئر کا آغاز دسمبر2005، کراچی میں سری لنکا کے خلاف کیا جبکہ آخری ایک روزہ میچ نومبر2019، لاہور میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا۔

اس دوران انہوں نے ایک روزہ میچوں میں 151 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 1630 رنز بنائے جبکہ 106 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 89 وکٹیں اور 802 رنز بنائے۔

اکتوبر 2018 میں آئی سی سی ویمنز ایک روزہ باؤلرز رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ثنا میر کا کہنا ہے کہ وہ تہہ دل سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مشکور ہیں، جس نے انہیں 15 سال ملک کی نمائندگی کرنے کا موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے۔

ثنا کا شمار ان نو خواتین کرکٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نےایک روزہ کرکٹ میں 100وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 1000 رنز بنائے۔ ثنا میر 2010 اور 2014 میں ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا حصہ تھیں۔

وہ کہتی ہیں کہ گذشتہ چند مہینوں نے انہیں سوچنے کا بھرپور موقع فراہم کیا اور ان کے نزدیک زندگی میں آگے بڑھنے کا یہی بہترین وقت ہے۔ انہیں یقین ہے کہ وہ ملک اور کھیل کے لیے بہترین کردار ادا کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔

پانچ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپس میں پاکستان کی کپتانی کرنے والی ثنا میر کا کہنا ہے کہ ‘جب میں اپنے کیریئر پر نظر ڈالتی ہوں تو مجھے یہ جان کر اطمینان ہوتا ہے کہ میں ایک ایسے عمل کا حصہ رہی جس کے نتیجے میں پہلے لارڈز میں کھچا کھچ بھرے سٹیڈیم میں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2017 کا فائنل کھیلا گیا اور پھر آئی سی سی ویمنزٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 کا فائنل 87 ہزار تماشائیوں کی موجودگی میں میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔’

ثنا میر نے دنیا بھر میں موجود اپنے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے طویل کیریئر میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں