پاکستان کی وفاقی حکومت کی جانب سے ملک گیر لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔
یہ اعلان جمعے کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اسلام آباد میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس میں کیا ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی ہوا کہ رمضان کے دوران سحر اور افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔
‘انہوں نے بتایا کہ کسی قسم کی بداحتیاطی سے گریز کیا جائے ’اگر ایسا ہوا تو عید کے بعد کا منظر بڑا اچھا نظر آرہا ہے تاہم بد احتیاطی ہوئی تو عید پر بھی بندشیں لگانا پڑ سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کی سہولت کو بڑھایا جا رہا ہے۔
عوام کو دی جانے والی امدادی رقم کے حوالے سے بتایا کہ یہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔ ’اب تک 57 لاکھ خاندانوں میں 69 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔‘
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کورونا کی وجہ سے سماجی طور پر بہت تبدیلیاں آئی ہیں اور ان کی پیروی کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان کا مہینہ شروع ہو رہا ہے۔ ’ہمارا مذہب درس دیتا ہے کہ آپ کے ذریعے کسی کو تکلیف نہ پہنچے اس لیے بھی حفاظتی تدابیر پر عمل ضروری ہے کہ آپ کے ذریعے کسی کو بیماری منتقل نہ ہو
چینی ڈاکٹروں کا وفد پاکستان پہنچ گیا
دوسری جانب کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد کے لیے چینی ڈاکٹروں کا وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔
وفد میجر جنرل ہوانگ کنگزن کی قیادت میں طبی سامان کے ساتھ پاکستان پہنچ گیا ہے۔