سال کے اختتام تک جنگ جاری رہی توغزہ انسانی ترقی میں 19 سال پیچھے چلا جائیگا: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونائیٹڈ نیشنز ڈیولپمنٹ پروگرام (یو این ڈی پی) نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ کے باعث فلسطینی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے، اگر یہ جنگ رواں سال کے اختتام تک جاری رہی تو غزہ انسانی ترقی میں 19 سال پیچھے ہو جائے گا۔

یو این ڈی پی کی رپورٹ کے مطابق جنگ کے باعث 7 اکتوبر سے اب تک صرف ایک ماہ کے دوران فلسطینی جی ڈی پی میں 4.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ معاشی نقصانات کا تخمینہ 857 ملین ڈالرز کے قریب بنتا ہے اور اگر یہ جنگ دو ماہ تک جاری رہے تو یہ اعداد شمار تبدیل ہوکر 8.7 فیصد اور معاشی نقصان کا تخمینہ 1.7 ارب ڈالرز ہو جائے گا۔

یو این ڈی پی کے عرب ریاستوں سے متعلق ریجنل بیوروکے اسسٹنٹ سیکرٹری کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک ماہ کے قلیل عرصے میں انسانی ترقی میں اتنی بڑی ریگریشن (regression) پہلے کبھی نہیں دیکھی، یہ تنازع جلد ختم ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا۔

انہوں نے کہا کہ رپورٹ کے اعداد شمار کا مطلب ہے کہ نہ صرف غزہ بلکہ پورے فلسطین کے اسکولوں، اسپتالوں، معیشت اور انفرااسٹرکچر میں کی گئی 50 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری ڈوب چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں