اسرائیل حماس جنگ کے تناظر میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر امریکا نے دنیا بھر میں اپنے شہریوں کیلئے الرٹ جاری کردیا۔
امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کی دوران کشیدگی میں اضافے کے بعد دنیا بھر میں مختلف مقامات پر امریکی شہریوں اور امریکی مفادات کے خلاف دہشتگرد حملوں، مظاہروں یا پرتشدد کارروائیوں کے امکانات ہیں۔
امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری الرٹ میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیاحوں سے بھرے مقامات پر محتاط رہیں اور اپنے کوائف اسمارٹ ٹریولر اینرولمنٹ پروگرام میں درج کریں تاکہ ان تک معلومات پہنچانے اور ضرورت پڑنے پر انہیں تلاش کرنے میں آسانی ہو سکے۔
ادھر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ مصر اور اسرائیل کو کہا ہے کہ غزہ میں امداد کی ترسیل کے دوران حملے نہ ہوں۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت تمام ریاستوں پر زور دیتے ہیں کہ پناہ گزینوں اور ان کے ساتھ روا سلوک پر اپنی ذمہ داریاں برقرار رکھیں۔
یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جاری بربریت کے باوجود امریکا اور برطانیہ کی جانب سے اسرائیل کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے جس پر امریکا اور برطانیہ سمیت مختلف ممالک میں لوگوں کی جانب سے ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا تھا۔
گزشتہ روز امریکی یہودیوں کی جانب سے واشنگٹن میں بھرپور احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا تھا جبکہ اس سے قبل سینٹرل لندن میں بھی لاکھوں لوگوں نے غزہ میں جاری اسرائیلی حملے روکنے، جنگ بندی اور مظلوم فلسطینیوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔