مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اپنے کرتوتوں کی وجہ سے آج جیل میں ہیں۔
ایک بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات بنانے والاخود سچے مقدمے میں جیل گیا۔
دوسری جانب میاں جاوید لطیف نے کہا کہ ابھی تو فیصلوں کی ابتدا ہوئی ہے، ابھی 65 ارب کی کرپشن اور ٹیریان کیس کا فیصلہ آنا ہے، ابھی تو 9 اور 10 مئی کے واقعات کا فیصلہ آنا باقی ہے۔
واضح رہے کہ ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد پولیس نے عمران خان کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کردیا۔