ملک بھر میں آج یومِ تکریم شہدائے پاکستان منایا جارہا ہے جس میں قوم شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے۔
یومِ شہدائے تکریم پاکستان کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی آرمی چیف جنرل عاصم منیر تھے۔
تقریب میں پاک فضائیہ، پاک بحریہ کے سربراہان، حاضرسروس اور ریٹائرڈ افسران بھی شریک ہوئے جن میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ، سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ندیم رضا اور دیگر ریٹائرڈ افسران بھی موجود تھے۔
اس کے علاوہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد، مفتی منیب الرحمان، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات اور شہدا کے اہلخانہ نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے،فاتحہ خوانی اور شہدا کے بلند درجات کے لیے دعا کی گئی جب کہ نیوی اور پاک فضائیہ کے سربراہان، اعلیٰ عسکری اور پولیس افسران نے بھی یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
تقریب میں موجود شہدا کے اہلخانہ اور اسکول کے بچوں نے یادگار شہدا پر پھول رکھے۔
دوسری جانب پاکستان ائیر فورس، پاکستان نیول ہیڈ کوارٹرز، فارمیشن ہیڈکوارٹراورپولیس کی شہدا یادگاروں پر بھی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ چاروں صوبوں کے پولیس ہیڈ کوارٹرز اور دیگر مقامات پر بھی اس حوالے سے تقریبات کا انقعاد کیا گیا ہے جب کہ پاک فوج کے حق میں ریلیاں بھی نکالی جارہی ہیں۔
شہدا کی لازوال قربانیوں کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی: پاک فوج
یوم تکریم شہدا کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہےکہ کسی کو بھی شہدا کی لازوال قربانیوں کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ،پاکستانی قوم شہداء اور ان کے قابل فخر خاندانوں کی مقروض رہے گی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہدا ہمارا فخر تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے،آج پوری قوم کے لیے ہر شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔