سپریم کورٹ کے سامنے پی ڈی ایم کا جلسہ، وزیرداخلہ کو سکیورٹی خدشات سے آگاہ کردیا گیا

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے سامنے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کے باعث سکیورٹی خدشات سامنے آئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کو خدشات سے آگاہ کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ کو بتایا گیا ہےکہ سپریم کورٹ کے باہر عوام کے بڑے مجمعے کے جمع ہونے سے سکیورٹی خدشات ہوں گے، ریڈزون میں اہم سرکاری عمارتیں  اور سفارت  خانے موجود ہیں، احتجاج کے باعث شرپسند عناصر  مجمعےکی آڑ میں ریڈ زون میں داخل ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب سپریم کورٹ کے  اطراف سکیورٹی بڑھادی گئی ہے اور  ریڈ زون میں داخلے کے لیے ایک کے سوا تمام راستے بندکر دیےگئے ہیں۔

 ضلع بھر میں پہلے ہی دفعہ 144 اور دفعہ 245 کا نافذ ہے، ریڈزون میں پولیس، ایف سی اور رینجرز کے جوان تعینات ہیں، دفعہ 245 کے تحت اہم عمارتوں کے باہر  فوج تعینات ہے۔

ادھر دھرنے کے مقام کی تبدیلی کا فیصلہ نہ ہوسکا، مولانا فضل الرحمان کا سپریم کورٹ کے باہر دھرنے پر اصرار ہے، رانا ثنااللہ کا کہناہےکہ سیاسی قائدین کی مشاورت سے مولانا فضل الرحمان احتجاج کے حتمی مقام کا اعلان کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں