وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی یقین دہانیوں کے باوجود عمران خان عید پر گرفتاری سے خوف زدہ ہیں۔
دو روز پہلے عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ میں گرفتاری سے بچنے کی درخواست دائر کی، عدالت نے عمران خان کو ہراساں نہ کرنے کا حکم دے دیا۔
پھر عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی عمران خان کو عید کی چھٹیوں میں تنگ نہ کرنے کا حکم دے دیا۔
اس کے باوجود آج عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے پھر لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دے دی کہ عید کی چھٹیوں میں زمان پارک میں آپریشن کا خدشہ ہے اسے روکا جائے لیکن لاہور ہائی کورٹ نے ایک لاکھ روپے کا جرمانہ لگادیا اور درخواست خارج کردی،کہا خدشات کی بنیاد پر کیا ہو سکتا ہے، آپ کو یہ درخواست دائر ہی نہیں کرنا چاہیے تھی۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ عدالت نے کہا کہ غیرقانونی طریقے سے عمران خان کو ہراساں نہ کیا جائے، کسی مقدمے میں گرفتار کرنا غیرقانونی ہراساں کرنا نہیں، عمران خان کے کان میں کوئی جو بات ڈالتا ہے وہ بولنا شروع کردیتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ عمران خان عدالتوں میں پیش ہوں ٹرائل کا سامنا کریں۔