بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں ایوارڈز شو کی تقریب کے دوران ہیٹ اسٹروک سے 11 افراد ہلاک ہو گئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق حکومتی سرپرستی میں ایوارڈز شو کی تقریب کا اہتمام تپتے سورج کے نیچے کھلے میدان میں کیا گیا جو کئی گھنٹے تک جاری رہا، ایک نامور سماجی رہنما کی خوشنودی کے لیے ہونے والے ایوارڈز شو میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
ایوارڈز شو کی تقریب میں بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ سمیت بھارتیہ جنتہ پارٹی سے تعلق رکھنے والے نامور سیاستدانوں نے بھی شرکت کی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید گرمی اور حبس کے باعث ایوارڈز شو میں شریک 11 افراد ہیٹ اسٹروک کے باعث ہلاک ہو گئے جبکہ درجنوں افراد کو ڈی ہائیڈریشن اور گرمی سے جڑی دیگر شکایات کے باعث اسپتال داخل کرایا گیا۔
یاد رہے کہ ممبئی سے قریب جہاں ایوارڈز شو کا اہتمام کیا گیا تھا وہاں پر درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور طبی ماہرین نے شدید گرمی کے باعث عوام کو دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نکلنے سے منع کر رکھا ہے کیونکہ بھارت میں اپریل کو گرم ترین مہینوں میں شمار کیا جاتا ہے۔