ریاض: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ملک میں چار نئے خصوصی اقتصادی زونز متعارف کرادیے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے عالمی سرمایہ کاری میں ملکی معیشت کی پوزیشن مضبوط بنانے کے لیے یہ اقتصادی زونز متعارف کرائے گئے ہیں جن میں خصوصی مراعات بھی رکھی گئی ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق ان زونز میں کام کرنے والی کمپنیوں کو متعدد مراعات حاصل ہوسکیں گی جن میں مسابقتی کارپوریٹ ٹیکس کی شرح، درآمدات پر کسٹم ڈیوٹی سے چھوٹ، پروڈکشن ان پٹ، مشینری، خام مال اور دنیا میں کہیں سے بھی قابل ترین ہنر مندوں کی خدمات حاصل کرنے کی سہولت جیسے دیگر فوائد شامل ہیں۔
اس کے علاوہ غیر ملکیوں کو شہر ریاض، جازان، راس الخیر اور کنگ عبداللہ اکنامک سٹی میں نئے اقتصادی زونز میں اپنی کمپنیوں کی 100 فیصد ملکیت حاصل ہوگی۔
اس موقع پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ایک بزنس شروع کررہا ہے جس میں دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہا جائے گا، اس سے ہزاروں لوگوں کو روزگار مہیا ہوگا اور مملکت کی جی ڈی پی میں بھی اضافہ ہوگا۔