نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کا شیڈول ایک بار پھر تبدیل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کے شیڈول میں پھر تبدیلی کردی،  نیا شیڈول جاری کردیا۔

پی سی بی کی جانب سے دوسری بار تبدیلی کے بعد نئے شیڈول کے مطابق کراچی میں چار کے بجائے تین ون ڈے میچز جبکہ راولپنڈی میں دو ٹی ٹوئنٹی کے ساتھ اب دو ون ڈے میچز بھی کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے پرانے شیڈول کے مطابق کراچی کو چار جبکہ راولپنڈی کو ایک ون ڈے میچ کی میزبانی کرنی تھی تاہم اب کراچی چار کے بجائے تین ون ڈے میچز کی میزبانی کرے گا جبکہ راولپنڈی دو ٹی ٹوئنٹی کے علاوہ دو ون ڈے میچز کی میزبانی بھی کرے گا۔

پی سی بی کی جانب سے ابتدائی دو  ون ڈے میچز کی تاریخوں میں بھی ردوبدل کیا گیا ہے، نئے شیڈول کے مطابق 14، 15 اور 17 اپریل کو لاہور میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز ہونگے جبکہ راولپنڈی میں 20 اور 24 اپریل کو سیریز کا چوتھا اور پانچواں ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔

شیڈول کے مطابق 27 اور 29 اپریل کو پہلا اور دوسرا ون ڈے میچ بھی راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ کراچی میں 3، 5 اور 7 مئی کو سیریز کے آخری تین ون ڈے کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی نے سب سے پہلے کراچی کو چار ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی سونپی تھی تاہم ایک ٹی ٹوئنٹی اور دو ون ڈے میچز لاہور اور صرف تین ون ڈے میچز راولپنڈی میں شیڈول تھے لیکن پنجاب میں الیکشن کی وجہ سے کراچی میں شیڈولڈ ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور میں منتقل کردیے گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں