وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے اپنے بیان کی وضاحت دیتے ہوئےکہا ہےکہ انہوں نے عمران خان کو جان سے مارنےکی دھمکی نہیں دی، ایک سیاسی بات کی تھی۔
گوجرانوالا میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نےکہا کہ میں نے عمران خان کے سیاسی وجود کی بات کی تھی، سیاست دان سیاسی بات ہی کرتا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی کے الیکشن ایک ساتھ ہوں گے، صوبوں میں نگران سیٹ اپ کے بغیر ہونے والے الیکشن کے نتائج کو کوئی تسلیم نہیں کرےگا، ایسے الیکشن ملک میں افرتفری کا سبب بنیں گے۔
رانا ثنااللہ نےکہا کہ عمران نیازی کے خلاف ابھی قانون حرکت میں نہیں آیا، عمران نیازی کا احتساب ہوگا، اب پی ٹی آئی میں سے بہت کچھ نکلےگا۔
خیال رہےکہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نےکہا تھا کہ عمران خان سے معاملات پوائنٹ آف نو ریٹرن سے بہت آگے جاچکے ہیں، عمران خان نے ملک کی سیاست وہاں پہنچا دی ہے کہ اب عمران خان اور ہم میں سے کسی کا ایک ہی وجود باقی رہنا ہے، جب ہمارے وجود کی نفی ہوگی تو ہم ہر حد تک جائیں گے، پھر یہ نہیں سوچیں گےکہ کیا جمہوری ہے، کیا نہیں۔
دوسری جانب عمران خان نے اپنے خلاف وفاقی وزیر داخلہ کے بیان پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔