دہلی، اسلام آباد کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتاہے، بھارتی سفارتکار

ایک بھارتی سفارتکار نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو کبھی نہیں روکا اور وہ آگے بڑھ کر کاروباری تعلقات کو معمول پر لانا چاہتا ہے۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بات کرتے ہوئے بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر سریش کمار نے زور دیا کہ آج کی سفارت کاری سیاحت، تجارت اور ٹیکنالوجی پر مرکوز ہے کیونکہ ’پیسہ اپنی زبان بولتا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت ہمیشہ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے کیونکہ ہم جغرافیہ کو تبدیل نہیں کرسکتے۔

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر نے دعویٰ کیا کہ ہم پاکستان کے ساتھ معمول کے تعلقات کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں، ہم نے پاکستان کے ساتھ تجارت بھی نہیں روکی، یہ پاکستان نے روکی تھی، یہ دیکھنا بہتر ہوگا کہ ہم اپنے مسائل اور حالات کو کیسے بدل سکتے ہیں۔

انہوں نے اتفاق کیا کہ بھارتی سفارت خانے کی جانب سے پاکستانیوں کو کووڈ-19 کے دوران کم ویزے جاری کیے گئے، تاہم انہوں نے اصرار کیا کہ اب اس تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے کیونکہ ہر سال 30 ہزار ویزے جاری کیے جارہے ہیں، جو ان کے مطابق ’بڑی تعداد‘ ہے۔

سریش کمار نے بتایا کہ بھارتی حکومت پاکستانیوں کو میڈیکل اور اسپورٹس کے ویزے بھی دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ دن چلے گئے جب سفارت کاری میں سیاسی رپورٹس مرتب کرنے پر توجہ دی جاتی تھی، آج کی سفارت کاری دہشت گردی، تجارت اور ٹیکنالوجی کے گرد گھومتی ہے ’کیونکہ پیسے کی اپنی زبان ہوتی ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی چین کے ساتھ 120 ارب ڈالر کی تجارت ہے، جس میں توازن تجارت چین کے حق میں ہے، سفارت کار نے زور دیا کہ درآمدات ہمیشہ غلط نہیں ہوتیں ان کے فوائد بھی ہوتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں