لاہور ہائیکورٹ: عمران خان کی گرفتاری کیلئے پولیس آپریشن پر حکم امتناع میں کل تک توسیع

لاہور ہائی کورٹ نے زمان پارک میں  چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی گرفتاری کے لیے پولیس آپریشن پر حکم امتناع میں کل تک توسیع کردی۔

گزشتہ روز  عدالت نے عمران خان کی گرفتاری کے لیے پولیس آپریشن آج صبح 10 بجے تک روکنےکا حکم دیا تھا۔

آج لاہور ہائی کورٹ میں پولیس آپریشن کے خلاف درخواست پرسماعت میں عدالت نے کہا کہ آج آپ اکٹھے بیٹھ کر اس کا حل نکالیں، بحیثیت قوم ہماری بڑی بےعزتی ہو رہی ہے، اپنی ریلی کو آگے پیچھے کر لیں، خداکاواسطہ ہےقوم کی زندگی کو چلنےدیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ نہ لاہور ہائی کورٹ اور نہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے وارنٹ گرفتاری پر عمل سے روکا ہے۔

عدالت نے پی ٹی آئی کو اتوار کو جلسہ کرنے سے روک دیا

زمان پارک میں پولیس آپریشن کےخلاف درخواست پرسماعت کے دوران جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیےکہ اگر جلسہ کرنا ہے تو 15دن پہلےپلان کریں، خدا کا واسطہ ہے قوم کی زندگی کو چلنے دیں، آپ کی اتوار کو ریلی نہیں ہوگی،کوئی شادی بھی کرتا ہے تو پہلے پلان کرتا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت کل 11 بجے تک ملتوی کردی، آج کی سماعت کا تحریری فیصلہ بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق زمان پارک میں پولیس آپریشن پر حکم امتناع میں کل تک توسیع کردی گئی ہے۔

گزشتہ روز عدالت نے عمران خان کی گرفتاری کے لیے پولیس آپریشن آج صبح 10 بجے تک روکنےکا حکم دیتے ہوئے  پولیس کو مال روڈ، کینال پل، دھرم پورہ پل اور ٹھنڈی سڑک سے 500 میٹر پیچھے رہنےکی ہدایت کی تھی جب کہ پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار نہ کرنے کی استدعا مسترد کردی تھی۔

 زمان پارک کے قریب پولیس اور رینجرز الرٹ

دوسری جانب  زمان پارک کے قریب پانچ اضلاع کی پولیس اور رینجرز کی سات کمپنیاں الرٹ ہیں اور نئی ہدایات کی منتظر ہیں۔

ادھر پولیس کے پیچھے ہٹنےکے بعد کارکن پہلے سے بڑی تعداد میں جمع ہوگئے ہیں، عمران خان کے گھر کے قریب کھلے میدان میں خیمے لگالیےگئے، ڈنڈوں، کنچوں اور غلیلوں کا بڑا ذخیرہ بھی جمع کرلیا۔

 زمان پارک میں پولیس نے عمران خان کےگھر کے باہر کنٹینرز لگا دیے ہیں جب کہ عمران خان کے گھر کی جانب آنے والے راستوں پر کارکنان کا سخت پہرہ ہے،کارکن ڈنڈے پکڑےگھرکے مرکزی دروازے پر بھی ڈیوٹی دے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں