چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیس میں جے آئی ٹی نے انسداد دہشت گردی عدالت گوجرانوالا میں عبوری چالان جمع کرادیا۔
گوجرانوالا کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں عمران خان حملہ کیس کی سماعت ہوئی۔
کیس کےمرکزی ملزم نوید کوبھی عدالت میں پیش کیاگیا، جےآئی ٹی کے کنوینیر غلام محمود ڈوگر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت جے آئی ٹی کنوینیرغلام محمود ڈوگر نے اے ٹی سی عدالت میں عبوری چالان جمع کرایا، جس کے مطابق 3 نومبر شام 4 بجے کنٹینر کے بائیں جانب کھڑے ملزم نوید نے فائرنگ کی جس سےعمران خان سمیت 10افراد زخمی ہوئے، ملزم کوپولی گراف ٹیسٹ کے لیے لے جایا گیا لیکن طبیعت خراب ہونے پر ملزم نویدکا پولی گراف ٹیسٹ نہیں ہوسکا،14دسمبرکو ملزم کو دوبارہ ٹیسٹ کے لیے لے جایا جائےگا۔
تفتیشی افسران نے عدالت کو بتایاکہ واردات میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل بھی ملزم سے برآمد کرلی گئی ہے۔
عدالت نےاستفسار کیاکہ ملزم نوید کی غیر قانونی تحویل پر انکوائری رپورٹ کا کیاہوا؟
جس پر جے آئی ٹی کنوینیر نے بتایا کہ غیر قانونی تحویل کے حوالے سے ذمہ داروں کے بیانات ریکارڈ کیے جا رہے ہیں، بیانات آخری مرحلے میں ہیں، ملزم کا مزید ریمانڈ دیا جائے، اگلی پیشی پرانکوائری رپورٹ مکمل کرلی جائےگی۔
عدالت نے جے آئی ٹی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کر دی۔