پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کیا اور جب خطاب کے دوران کارکن نے کہا کہ خان صاحب حکم کریں ٹینکوں کے آگے لیٹنے کو تیار ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ ابھی اس کی ضرورت نہیں ہے۔
اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 2 جولائی کو اسلام آباد کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو حکومت ہماری اوپر مسلط کی گئی، وہ 30 سال سے چوری کر رہے تھے اور کرپٹ لوگ تھے
ان کا کہنا تھا کہ امریکا ان لوگوں کو ہمارے بھلے کے لیے نہیں بلکہ اپنی غلامی کے لیے لے کر آیا ہے، اس حکومت نے آتے ساتھ ہی اپنے کرپشن کے کیسز ختم کیے، نیب ختم کیا۔
عمران خان نے کہا کہ جو چور ہے وہ اپنا احتساب نہیں کرسکتا، شہباز شریف نے ایف آئی اے اور نیب کو اپنے نیچے کیا اور نیب ترمیم کرکے 1100 ارب روپے ختم کردیے۔
حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو مہینوں میں جتنی مہنگائی کی گئی ہے وہ پاکستان کی تاریخ میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی، ایک طرف لوگوں پر مہنگائی مسلط کی اور عام آدمی کے لیے پیٹرول، ڈیزل گیس اور سب چیزیں مہنگی کردیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف اشیا کی قیمتیں آسمان پر ہیں اور معیشت زمین پر ہے جبکہ مزید اور مہنگائی ہوگی، بجلی، پیٹرول، گیس اور کھانے کی اشیا مہنگی ہوں گی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ کیا وجہ تھی کہ ہماری حکومت کو گرا کر ان چوروں کو بٹھایا اور آج لوگ کہہ رہے ہیں پاکستان قرضوں کی قسطیں واپس نہیں کر پائے گا اور ڈیفالٹ کر جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج آئی ایم ایف کے پیر پکڑے ہوئے ہیں خدا کے واسطے ہمیں پیسے دے دو ہم جتنی مہنگائی آپ چاہیں کردیں گے، ہمارے ساتھ بھی آئی ایم ایف تھا لیکن ہم نے مہنگائی روک کر رکھی اور اب لوگوں کو پتہ چل رہا ہے مہنگائی کیا ہے۔
کارکنوں کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ خواتین اور کارکن سب لوگوں کے دروازوں میں جا کر کھٹکھٹانا ہے کہ ہمارے لیے اپنے لیے اور اپنے مستقبل کے لیے نکلنا ہے، لوگوں کو بتانا ہے کہ یہ ذمہ داری صرف عمران خان کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ذمہ داری ہے کہ مظاہرے کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم 2 تاریخ کو اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں ثابت کریں گے کہ پاکستان ایک زندہ قوم ہے۔
اس موقع پر ایک کارکن نے عمران خان سے کہا کہ ‘خان صاحب ہم ٹینکوں کے آگے بھی لیٹ جائیں گے، حکم کریں آپ’، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ اس کی ابھی ضرورت نہیں ہے، کوئی ضرورت نہیں ہے، ہمیں صرف اس وقت اپنی قوم کی خواتین اور نوجوانوں کی ضرورت ہے۔
کنونشن کے دوران کارکنوں نے مختلف نعرے لگائے اور عمران خان نے ان کا جواب بھی دیا، جب کارکنوں نے کہا کہ عمران خان قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں تو انہوں نے کہا کہ قدم بڑھا رہا ہوں پہلے مجھے بات مکمل کرنے دیں۔