مئی کا مہینہ ہنگامہ خیز ہوگا، استعفے لیے اور دیے جاسکتے ہیں، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مئی کا مہینہ ملکی سیاست میں ہنگامہ خیز ہوگا جس میں استعفے لیے یا دیے جاسکتے ہیں اور ملک کے مسائل کا واحد حل الیکشن میں رہ گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان میں اگلا مہینہ عید کے بعد ہنگامہ خیز ہوگا، پیٹرول اور بجلی پر آئی ایم ایف کے دباؤ پر سبسڈی ختم کرنے سے حکومت اپنی سیاسی قبر کھودے گی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان روس سے 30 فیصد سستی گیس، پیٹرول اور گندم لینے جارہا تھا، اس اقدام سے ملک میں عوام کو بڑا ریلیف ملتا اور مہنگائی میں کمی آتی لیکن سامراجی سازش کے تحت عوام کو سستی گیس، پیٹرول اور گندم سے محروم کردیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول پر سبسڈی ختم کرنے سے حکومت مخالف تحریک کو زبردست ایندھن فراہم ہوگا جو حکومت کو جلد ختم کردے گا۔

عوام مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ مئی کا مہینہ سیاست میں ہنگامہ خیز ہوگا، استعفے بھی لیے جاسکتے ہیں اور دیے بھی جاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے مسائل کا واحد حل انتخابات میں رہ گیا ہے جسے جتنا جلدی کر لیا جائے اتنا ہی ملک کے لیے بہتر ہوگا۔

شیخ رشید کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے آئی ایم ایف سے مذاکرات کے بعد کہا ہے کہ حکومت کو ملکی معیشت کو پٹری پر لانے اور آئی ایم ایف کے ساتھ تعطل کا شکار بیل آؤٹ پروگرام کو بحال کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑے گا۔

آئی ایم ایف نے 2019 میں پاکستان کے لیے 3 سال کے لیے 6 ارب ڈالر کے قرض کی منظوری دی تھی لیکن اصلاحات کی رفتار سے متعلق خدشات کے باعث یہ پیکج سست روی کا شکار ہو گیا تھا۔

مفتاح اسمٰعیل نے ایندھن پر سبسڈی ختم کرنے کی بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں ان سے اتفاق کرتا ہوں، ہم وہ سبسڈی دینے کے متحمل نہیں ہو سکتے جو ہم دے رہے ہیں لہٰذا ہمیں اس کو کم کرنا پڑے گا۔

انہوں نے یہ بھی عندیہ دیا کہ حکومت، پیٹرول پر 21 روپے فی لیٹر سبسڈی واپس لینے کے ساتھ ساتھ ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافہ بھی کر سکتی ہے۔

دریں اثنا آئی ایم ایف نے بات چیت کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ غیر فنڈ شدہ سبسڈیز کو واپس لینے کے لیے فوری کارروائی کی ضرورت ہے جس نے 7ویں جائزے کے لیے بات چیت کو سست روی کا شکار کردیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں