پی ٹی آئی کا چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ‘ملک گیر’ احتجاج کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ پی ٹی آئی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کے طرز عمل کے خلاف 26 اپریل کو ملک بھر میں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے دفاتر کے باہر مظاہرے کرے گی۔

فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ کے ذریعے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ آج پارٹی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ای سی پی سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔انہوں نے چیف الیکشن کمشنر پر ‘جانبدار اور بد دیانت’ ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے منحرف اسمبلی ممبران کو ڈی سیٹ کرنے کا اعلامیہ ابھی تک الیکشن کمیشن نے جاری نہیں کیا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا اس سلسلے میں پی ٹی آئی چیف الیکشن کمشنر کے رویے کے خلاف منگل کو ملک بھر میں ای سی پی کے دفاتر کے سامنے احتجاج کرے گی۔

ایک روز قبل پی ٹی آئی کے چیئرمین سابق وزیراعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سے استعفیٰ دینے کے لیے کہا تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا خیال ہے کہ چیف الیکشن کمشنر ‘متعصب’ ہیں۔

بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کو چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد نہیں، ان کے تمام فیصلے ہماری پارٹی کے خلاف تھے۔

گزشتہ ہفتے انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پی ٹی آئی چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس دائر کرے گی، کیونکہ انہوں نے وقت پر انتخابی حلقوں کی حد بندی مکمل نہ کر کے ‘نااہلی’ کا مظاہرہ کیا، جس سے قبل از وقت انتخابات میں تاخیر ہوئی۔

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے گزشتہ رات میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا استعفیٰ دینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور وہ “ملک کے بہترین مفادات” میں کام کرتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں