عمران نیازی خوداری سیکھنی ہے تو نواز شریف سے سیکھو، شہباز شریف

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف  نے وزیراعظم عمران خان کو ایک بار پھر آڑے ہاتھوں لےکر ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا  ہےکہ تم نے ایبسو لیوٹلی ناٹ کہا یہ سب ڈرامہ ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے  کے دوران  مریم نواز نے  خود روسٹرم پر آکر شہباز شریف کو خطاب کی دعوت دی  اور کہا آج پاکستان کو شہباز شریف کی ضرورت ہے۔

جس کے بعد پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب  کرتے ہوئے  شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے دن رات جھوٹ بولا، یوٹرن لیا، کیا ریاست مدینہ میں ایسا کوئی سوچ سکتا ہے؟ اس لیے عمران نیازی کے پونے چار سالہ کے کر توتوں کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی ۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے ریاست مدینہ کی بات کرکے کارٹلز کو کرپشن کا موقع دیا، اور عوام کو کنگال کر دیا،  قوم کے اربوں کھربوں روپے کے وسائل برباد ہوگئے، کیا منہگائی،غربت بین الااقوامی سازش کا نتیجہ ہے؟ 

شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی خوداری سیکھنی ہے تو نواز شریف سے سیکھو، جس نے بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 6 دھماکے کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے امریکی صدر سے کہا پیسے نہیں اپنی قوم کی خوداری چاہیے،خوددار نہیں خود غرض ہو تم، قوم کے اوپر قرض ہو تم۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان میں محرومیاں راتوں رات ختم نہیں ہوں گی،وقت لگے گا، ہم کمربستہ ہوجائیں تو مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

اس سے قبل مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نےپی ڈی ایم کے جلسے میں کہا کہ بندریا کے پاؤں جلتے ہیں تو وہ اپنے بچوں پر پیر رکھ دیتی ہے، آج عمران کے پاؤں جلنے لگے تو اس نے بزدار پر پاؤں رکھ دیا۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران کہتا ہے کہ عالمی طاقتیں سازشیں کررہی ہیں، کیا آپ نے اس سے زیادہ مضحکہ خیز بات سنی؟ البتہ وہ کون سا خط ہےجس کاوزیر داخلہ کو بھی نہیں پتا؟ اس قسم کا ذہنی مریض قوم پر مسلط کردیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں