پاکستان تحریک انصاف کے لندن میں زیر علاج رہنما جہانگیر ترین نے سیاسی صورتحال میں اہم پیش رفت کا عندیہ دے دیا۔
جہانگیرترین کی رہائشگاہ پر گروپ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔
ترین گروپ کے اعلامیے کے مطابق اجلاس کے شرکا سے جہانگیر ترین نے ٹیلیفونک خطاب کیا اور سیاسی صورتحال میں اہم پیش رفت کا عندیہ دیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جہانگیر ترین نے گروپ کے اراکین کو متحد رہنے کا پیغام دیا۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ترین گروپ نے سندھ ہاؤس پر دھاوا بولنے کی مذمت کی اور کہا کہ حکومتی ایما پر سندھ ہاؤس کا گھیراؤ اور توڑ پھوڑ پر تشویش ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں ترین گروپ سے اہم حکومتی شخصیات کے رابطے بھی زیربحث آئے اور ان شخصیات سے ملاقات جہانگیرترین کی اجازت سے مشروط کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ جہانگیر ترین ان دنوں لندن میں زیر علاج ہیں اور انہوں نے وہاں سے سیاسی سرگرمیاں شروع کر رکھی ہیں۔