مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپنے تمام ارکان قومی اسمبلی کو تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونے تک اسلام آباد میں ہی رہنےکی ہدایت کردی۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے پارلیمانی پارٹی کے اعزاز میں روزانہ عشائیہ دینےکا فیصلہ کیا ہے، تحریک عدم اعتماد پیش کیےجانےتک روزانہ ایک رکن ارکان اسمبلی کو عشائیہ دےگا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ کل رکن قومی اسمبلی روحیل اصغر شیخ کی طرف سے عشائیہ دیا جائےگا، پرسوں رکن قومی اسمبلی ریاض الحق کی طرف سےعشائیہ دیا جائےگا۔
ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اب ان کی پیشیوں کا سلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے، آج ہم پیشیاں بھگت رہے ہیں،کل عمران اور اس کےحواریوں کی باری ہوگی، ہمیں سیاسی انتقام کے باعث پیشیاں بھگتنی پڑ رہی ہیں،ہم سیاسی انتقام نہیں لیں گے، انہیں قانون کے مطابق عدالتوں سے انصاف لینا پڑے گا۔
شہباز شریف کا مزیدکہنا تھا کہ عمران نیازی کے اتحادی بھی اب اس کابوجھ اٹھانےکی ہمت ہارچکے ہیں۔