عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 43 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔
رقم سے کم آمدنی والے افراد کو گھر بنانے کیلئے قرض دیا جائے گا۔ 8 کروڑ 50 لاکھ ڈالر پاکستان ہاؤسنگ فنانس پراجیکٹ پر، 15 کروڑ ڈالر کی رقم پنجاب اربن لینڈ سسٹم پراجیکٹ پر جبکہ 20 کروڑ ڈالر پنجاب ہاؤسنگ پروگرام پرخرچ کیے جائیں گے۔
ان تینوں منصوبوں سے بالخصوص کم آمدنی والے افراد کیلئے مکانات کیلئے قرضوں تک رسائی میں وسعت آئے گی اورشہری علاقوں میں کم آمدنی والے طبقات کیلئے مکانات کی تعمیرمیں مددملے گی۔
پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے کہا ہےکہ پاکستان 20 کروڑ سے زیادہ آبادی کا ملک ہے جہاں سستے اور قابل رسائی مکانات کی بہت زیادہ مانگ ہے۔
انہوں نے کہاکہ عالمی بینک کے تینوں منصوبوں سے خاص طور پر کم آمدنی والے گھرانے نجی شعبہ کی معاونت سے آسان قرضے حاصل کرسکیں گے ، ان منصوبوں سے کم آمدنی رکھنے والے افراد جائیداد کے حقوق کو بھی تحفظ فراہم کرسکیں گے۔
اضافی فنانسنگ 2018 میں شروع کی گئی کریڈٹ رسک شیئرنگ کی سہولت کو بڑھا دے گی، اس سے ملک میں پہلی بار گھر خریدنے والے وہ 70,000 افراد مستفید ہوں گے جو میرا پاکستان، میرا گھر ہاؤسنگ سکیم کیلئے اہل ہیں۔