وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ تمام اتحادی عمران خان کے ساتھ ہیں اور عمران خان جرات سے اپوزیشن کے کھیل کا مقابلہ کرے گا۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سارے مفاد پرست اکٹھے ہو رہے ہیں لیکن عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد عمران خان ان کے لیے مزید چیلنجنگ ہو جائیں گے، مفاد پرست ٹولے کو ڈر ہے کہ کچھ نہ ہوا تو ان کی کھال اتر جائے گی، ان کی سیاسی قبر کھد جائے گی انہیں اندازہ ہی نہیں ہے۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سیاست میں خرید و فروخت کا کاروبار شروع ہوا تو پھر جھاڑو پھر جائے گی، ضمیر فروش کی پاکستان میں کوئی عزت نہیں ہے، عمران خان کے سارے اتحادی ان کے ساتھ ہیں، بکنے والے لوگ کسی کو شکل دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔
عمران خان اور جہانگیر ترین کے درمیان رابطے سے متعلق سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان چوچا نہیں ہے، وہ 25 سال سے اس کھیل میں ہے، عمران خان ایسا سیاسی ڈرون مارے گا کہ یہ سیاسی طور پر نابود ہو جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جہانگیر ترین سے بات چیت کرنی چاہیے، 14، 14 سال مردے اکھاڑنے والے مل سکتے ہیں تو جہانگیر ترین اور عمران خان تو دوست ہیں وہ کیوں نہیں مل سکتے۔