ریاست مدینہ کے سامنے ایشین ٹائیگر کوئی چیز نہیں: وزیراعظم

لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ پہلی بار مدینہ کی ریاست میں کمزور طبقے کی ذمہ داری ریاست نے لی  اور ریاست مدینہ کے سامنے ایشین ٹائیگر تو کوئی چیز ہی نہیں۔

گورنر ہاؤس لاہور میں تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صحت کارڈ جیسے انقلابی فیصلے ہر کوئی نہیں کرسکتا، ہیلتھ کارڈ پر 10 لاکھ روپے تک کا علاج کسی بھی اسپتال سے کرایا جاسکتا ہے،  آج پنجاب میں ہر خاندان کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ فلاحی ریاست وہ ہوتی ہے جہاں سب کو ترقی اور خوشحالی کا موقع ملے،  پہلی بار مدینہ کی ریاست میں کمزور طبقے کی ذمہ داری ریاست نے لی اور فلاحی ریاست کا ماڈل آج مسلمان ممالک میں نظر نہیں آتا صرف یورپ میں نظر آتا ہے، ہمیں اس راستے پر آنا ہے جو قوم کی عظمت کا راستہ ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کے سامنے ایشین ٹائیگر تو کوئی چیز ہی نہیں، ہم پاکستان کو عظیم راستے پر گامزن کرنے کے لیے کوشاں ہیں، اسوہ حسنہ پر چلنے کا حکم ہماری بہتری کے لیے دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب حکومت اسپتال بنانے کے لیے پیسا نہیں لگائے گی، لوگ خود آکر اسپتال بنائیں گے، ہم چاہتے ہیں کہ دور دراز کے رہائشی ہر شخص کو علاج کی سہولت میسر آئے ، مارچ تک پنجاب میں تمام گھرانوں کو ہیلتھ کارڈ مل چکا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں