4 سال میں ہونے والی تباہی ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا، شہباز شریف

سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) نے عوام کی پریشانیوں کو ختم کرنے کی جامع منصوبہ بندی کرلی ہے لیکن 4 سال میں ہونے والی تاریخی تباہی ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔

مسلم لیگ(ن) کے صدر سے لاہور میں پارٹی رہنماﺅں عبدالرحمٰن کانجو، رانا منور غوث اور سینیٹراعظم نذیر تارڑ نے ملاقات کی۔

ملاقات میں مستقبل کی سیاسی سرگرمیوں کے بارے میں مشاورت کے ساتھ ساتھ ملک کی مجموعی صورتحال اور انتخابی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا اور مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں نے اپنے حلقوں میں جاری انتخابی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا

اس موقع پر شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشی اور عوامی مسائل کے حل کی سنجیدہ منصوبہ بندی ہمارے پاس ہے اور صرف مسلم لیگ(ن) مسائل کو حل اور عوام کو ریلیف دے سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی پریشانیوں کو ختم کرنے کی جامع منصوبہ بندی کرلی ہے لیکن 4 سال میں ہونے والی تاریخی تباہی ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔

مسلم لیگ(ن) کے صدر نے رہنماؤں کو ہدایت کی کہ حلقوں میں عوام کو پارٹی کے معاشی ایجنڈے سے آگاہ کریں، اس کے بعد عوام نے وعدہ خلافوں اور وعدہ نبھانے والوں میں ووٹ سے فرق دکھانا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں