چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان نے ’آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ ’کے 4 برس مکمل ہونے پر پاکستان کی مسلح افواج اور قوم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بھارت کے 2 لڑاکا طیاروں کو گرا کر ایک بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا تھا اور پاک فضائیہ نے اس کامیابی کو ’آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ‘ کا نام دیا تھا۔
آج اس آپریشن کو 4 برس مکمل ہونے پر ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس پی آر کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ’بھارت نے پلواما فالس فلیگ آپریشن کے بعد بزدلانہ حملے کی کوشش کی تھی، پاکستان کی جانب سے جرات مندانہ، پرعزم اور ذمہ دارانہ ردعمل نے بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا‘۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ دن (27 فروری) اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی امن پسند قوم ہے اور پاک افواج وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا ہمیشہ بھرپورطاقت سے جواب دیا جائے گا۔