11 یونین کو نسلز پر ضمنی انتخابات نہ ہوئے تو 10 مارچ کو دھرنا دیں گے، حافظ نعیم الرحمن

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے پاس موقع ہے کہ 11 یونین کونسلز پر ضمنی انتخابات کرائے ورنہ ہم 10 مارچ کو غیر معینہ مدت تک دھرنا دینے جارہے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ای سی پی کے پاس اختیار ہے کہ وہ پورے عمل کو درست کرے، 11 یونین کونسلز پر ضمنی انتخابات کا اعلان کرائے اور ان کے پاس جتنی یونین کونسلز ہیں ان کو میرٹ کی بنیاد پر درست کرے ورنہ ہم 10 مارچ کو دھرنا دیں گے اور وہ غیر معینہ مدت تک دیں گے اور جب تک حق نہیں ملے نہیں اٹھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں نے جماعت اسلامی کو ووٹ دیا ہے تاکہ ان کا میئر، چیئرمین، وائس چیئرمین آکر مسائل کو حل کریں، اس لیے تمام کارکنان چوک چوراہوں پر جاکر لوگوں سے ملیں اور دھرنے کی تیاری کریں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ہم ایسے نہیں کہ ایڈمنسٹریٹر کی سیٹ پر کراچی کا سودہ کریں، بڑے واضح انداز میں کہہ رہا ہوں کہ جماعت اسلامی کو خریدا نہیں جاسکتا، حق دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اگر اسی طرح پیپلز پارٹی اور حکومت سندھ کے ہاتھوں یرغمال بنا رہے گا، ان کے کام کرے گا، ضمنی انتخابات کا اعلان نہیں کرے گا اور جعلسازی میں شریک جرم رہے گا تو ہم احتجاج بھی کریں گے، دھرنا بھی دیں گے اور گھیراؤ بھی کریں گے، لہٰذا 10 مارچ کو ہم دھرنے پر بیٹھ رہے ہیں اور کراچی کے تین کروڑ عوام کا حق لے کر اٹھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں