’یقین دہانیوں کاوقت گزرچکا‘: اسلام آباد میں اتحادی وفاقی وزراء کی اہم بیٹھک

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اتحادی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزراء کا اہم اجلاس ہوا جس میں اتفاق کیا گیا کہ یقین دہانیوں کاوقت گزرچکا، حکومت اب عملی اقدامات کرکے دکھائے۔

ذرائع کے مطابق اتحادی وفاقی وزراء کی ملاقات پارلیمنٹ لاجز میں روبینہ عرفان کےلاج میں ہوئی، وزراء کی ملاقات 45 منٹ جاری رہی اور اس دوران تحریک عدم اعتماد پر بات ہوئی۔

ذرائع کے مطابق اتحادی وفاقی وزراء نے مؤقف اپنایا کہ ہر مشکل وقت میں حکومت کی بلامشروط حمایت کی، تحفظات کے باوجود بجٹ میں بھی منظوری کیلئے حمایت کی، حکومتی رویے کےباعث ان کے اپنے ارکان اب ساتھ نظر نہیں آرہے۔

ذرائع کے مطابق اتحادی وفاقی وزراء نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز میں گزشتہ روز جو ہوا درست نہیں ہوا،معاملات کو خوش اسلوبی سے بھی حل کیا جاسکتا تھا۔

ملاقات میں طارق بشیر چیمہ، مونس الٰہی اور زبیدہ جلال بھی شریک ہوئے جس میں اتحادیوں کا آپس میں رابطے میں رہنے پر اتفاق ہوا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بطور  اتحادی ہمیں صورتحال دیکھ کر فیصلہ کرنا چاہیے، حکومتی جماعت نے جو  بھی وعدے کیے، پورے نہیں کیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں