گال ٹیسٹ میں چوتھے روز سری لنکا نے دوسری اننگز کا آغاز 14 رنز سے کیا اور اس کی جانب سے کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا تھا، دیمتھ کارونارتنے 20 رنز بنانے کے بعد ابرار احمد کی گیند پر آغا سلمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
ان کے بعد کوسل مینڈس 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اس وقت سری لنکا کا مجموعی سکور 79 تھا، انہیں نعمان علی نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، میتھیوز نے 7 رنز بنائے اور نعمان علی کی گیند پر بابراعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین واپس لوٹ گئے۔
نیشان مدوشکا 47 اور دنیش چندیمل ایک رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں، سری لنکا نے 35 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 94 رنز بنا لئے ہیں، پاکستان کو سری لنکا کی پہلی اننگز پر اب بھی55 رنز کی برتری حاصل ہے۔
واضح رہے کہ گال ٹیسٹ کے تیسرے روز مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل کی شان دار ڈبل سنچری کی بدولت پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں سری لنکا پر 149 رنز کی برتری حاصل کی اور پوری ٹیم 461 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کے شہر گال میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز جب کھیل شروع ہوا تو پاکستان کو میزبان ٹیم کے پہلی اننگز کے اسکور 312 رنز کے مقابلے میں 91 رنز کے خسارے کا سامنا تھا۔
قومی ٹیم کے صف اول کے بلے بازوں کی مکمل ناکامی کے بعد نوجوان سعود شکیل اور آغا سلمان نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کی تھیں اور قومی ٹیم نے سری لنکا کے پہلی اننگز کے 312 رنز کے جواب میں 221 رنز بنا لیے تھے اور اسے خسارے کا سامنا تھا۔
کھیل کے تیسرے روز سعود شکیل 69 اور آغا سلمان نے 61 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا تاہم آغا سلمان اپنے انفرادی اسکور میں 22 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 83 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ دوسرے اینڈ سے سعود شکیل نے اسکور میں اضافے کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنے کیریئر کی دوسری شان دار سنچری مکمل کی۔
آغا سلمان اور سعود شکیل نے پاکستان کی جانب سے سری لنکا کے خلاف چھٹی وکٹ پر 177 رنز کی سب سے بڑی شراکت قائم کی۔پاکستان کے ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نعمان علی تھے جو 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کے بعد شاہین شاہ آفریدی 8 رنز بنا پر پویلین لوٹے۔
اس موقع پر پاکستان کی جانب سے شان دار سنچری اسکور کرنے والے بلے باز سعود شکیل 172 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے اور نئے آنے والے بلے باز نسیم شاہ نے ان کا ساتھ دیا۔نسیم شاہ اور سعود شکیل کی شراکت میں 94 رنز کا اضافہ ہوا جس میں نسیم نے صرف 6 رنز کا حصہ ملایا اور 78 گیندوں کا سامنا کرکے آؤٹ ہوگئے۔
سعود شکیل نے کریز پر آنے والے آخری بلے باز ابرار احمد کے ساتھ مل کر اپنے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری مکمل کی۔سعود شکیل سری لنکا کی سرزمین پر ٹیسٹ کرکٹ میں ڈبل سنچری کرنے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے۔
انہوں نے یہ اعزاز ملک سے باہر اپنے کیریئر کے پہلے ٹیسٹ میں حاصل کیا،ابرار احمد نے سعود شکیل کے ساتھ مل کر 21 رنز کا اضافہ کرنے میں ہاتھ بٹایا تاہم 12 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی پوری ٹیم تیسرے روز چائے کے وقفے کے بعد 461 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تاہم سعود شکیل ناقابل شکست رہے۔
پاکستان نے گال ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سری لنکا پر 149 رنز کی برتری حاصل کی،سری لنکا کی جانب سے رمیش مینڈس سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، پراباتھ جے سوریا کے حصے میں 3 وکٹیں آئیں۔
سری لنکا کے دن کے اختتامی لمحات میں دوسری اننگز کا آغاز کیا اور دن کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 14 رنز بنائے اور پہلی اننگز کا خسارہ کم ہو کر 135 رنز رہ گیا۔اوپنر نیشان مدوشکا 8 اور دیمتھ کارونارتنے 6 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔