امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر رچمنڈ میں فلسطین کے حق میں قرارداد سے منظور کر لی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق رچمنڈ سٹی کونسل کے اجلاس میں غزہ کے عوام کی حمایت میں بل پیش کیا گیا، پیش کیے گئے بل میں اسرائیل پر نسلی و اجتماعی سزا کا الزام لگایا گیا تھا، بل کو ایک کے مقابلے میں 5 ووٹوں سے منظور کر لیا گیا۔
منظور کی گئی قرارداد میں جنگ بندی اور غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا اور بل میں کہا گیا کہ یہ ووٹ غزہ کے عوام کے لیے کسی امریکی شہر کی حمایت کا پہلا مظاہرہ ہے۔
دوسری جانب غزہ پر اسرائیلی بربریت کےخلاف دنیا بھر سے آوازیں اٹھنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے، نیویارک کی وال اسٹریٹ پر غزہ کے مظلوم شہریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھارکھے تھے اور شرکاء اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔
ادھر برسلز میں یورپی رہنماؤں کے اجلا س کے مقام کے سامنے بھی احتجاج کیاگیا جبکہ میڈرڈ میں بھی ہزاروں طلبا فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے سڑکوں پر نکلے، مظاہرین نے فلسطین کی آزادی اور غزہ کے لوگوں کی نسل کشی روکنے کا مطالبہ بھی کیا۔