کورونا کیسز بڑھنے پر لاک ڈاؤن کی ذمہ دار پی ڈی ایم ہو گی: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہوا تو مجبوراً مکمل لاک ڈاؤن پر جانا ہو گا اور لاک ڈاؤن کی ذمہ دار پی ڈی ایم ہو گی۔

وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر تشویش ناک ہے، پشاور اور ملتان میں 200 فیصد، کراچی میں 148 فیصد، لاہور میں 114 فیصد اور اسلام آباد میں 65 فیصد اضافہ ہوا ہے

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے بیشتر ممالک مکمل لاک ڈاؤن کی طرف جا چکے ہیں میں قطعاً لاک ڈاؤن جیسا قدم نہیں اٹھانا چاہتا کیونکہ ہماری معیشت جس میں ٹھوس بحالی کے آثار فی الحال بالکل نمایاں اور واضح ہیں اس کی زد میں آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے حزب مخالف این آر او جیسے ہدف کے تعاقب میں ہے، اپوزیشن این آر او کے حصول کی مایوس کن کوششوں میں نہایت سفاکیت سے عوام کی زندگیاں اور روزگار تباہ کر رہی ہے، میں واضح کر دوں کہ اپوزیشن لاکھوں جلسے کر لے، کوئی این آر او نہیں ملے گا

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پی ڈی ایم اپنےجلسوں کے تسلسل پر اصرار کے ذریعے عوام اور ان کی معاش کو جان بوجھ کر خطرے میں ڈال رہی ہےکیونکہ اگر اسی شرح سے کیسز بڑھتے رہے تو ہم مکمل لاک ڈاؤن کی جانب بڑھنے پر مجبور ہوں گے اور نتائج کی ذمہ دار پی ڈی ایم ہو گی

اپنا تبصرہ بھیجیں