وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پارلیمان کا مشترکہ اجلاس مؤخر کردیا گیا ہے۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات ملک کے مستقبل کا معاملہ ہے، ہم نیک نیتی سے کوشش کر رہے ہیں کہ ان معاملات پر اتفاق رائے پیدا ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو اپوزیشن سے ایک مرتبہ پھر رابطہ کرنے کا کہا گیا ہے تا کہ ایک متفقہ انتخابی اصلاحات کا بل لایا جا سکے۔فواد چوہدری نے کہا کہ پارلیمان کے مشترکہ اجلاس کو اس مقصد کے لیے مؤخر کیا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے امید ظاہر کی کہ اپوزیشن ان اہم اصلاحات پر سنجیدگی سے غور کرے گی اور ہم پاکستان کے مستقبل کے لیے ایک مشترکہ لائحہ عمل اختیار کر پائیں گے تاہم ایسا نہ ہونے کی صورت میں ہم اصلاحات سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔