متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ کراچی کی آبادی سندھ کی کل آبادی سے 50 فیصد زیادہ ہے، کراچی میں مسائل کی وجہ سندھ حکومت ہے۔
کراچی میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان کےکوٹے سے سندھ کو 36 ہزار 3 سو 70 ملین گیلن پانی ملتا ہے، اس میں سے کراچی کو 540 ملین گیلن ملتا ہے،لیاقت آباد والے پورے لاہور سے زیادہ ٹیکس دیتے ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ جعلی ڈومیسائل بنا کر اس شہر کے کوٹے کوبھی چھین رہے ہیں، اس شہر میں ایک نوکری نہیں دی گئی، رات کو بجلی نہیں صبح گیس نہیں، حکومت سندھ کے طاقتور لوگ جس کی زمین پر چاہیں دیوار کھڑی کرلیں وہ زمین ان کی ہوگئی، سندھ کے وزیراعلیٰ تعصب کی عینک نہیں اتار رہے، کیا بلاول بھٹو سندھ کے شہری علاقوں کو محروم کرکے وزیر اعظم بن جائیں گے؟ اس تعصب کو نہیں روکا گیا تو اپنا نقصان کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کیا عمران خان کے بیانیےکو ختم کرکے بات ختم ہوجائےگی؟ نہیں ہوگی، لوگ عمران خان کے جھوٹ کا پتہ چلنے کے باوجود ان کے ساتھ کیوں کھڑے رہے، وجہ جانے بغیر ریاست مخالفت بیانیےکو ختم نہیں کیا جاسکتا، سندھ میں عمران خان بیانیہ ختم ہوجائے تو مسائل ختم ہوجائیں گے؟ لوگ عمران خان کی محبت میں نہیں ‘ان’ کی نفرت میں جُڑ رہےتھے۔