کراچی: سابق صوبائی وزیر سہیل انور کے گھر فلمی نوعیت کی واردات

کراچی: کلفٹن میں سابق صوبائی وزیر سہیل انور سیال کے گھر ہونیوالی فلمی نوعیت کی چوری کی واردات کا ڈراپ سین اس وقت ہوا جب ملزم کو چوری کردہ رائفلیں بیچتے ہوئے پکڑ لیا گیا۔

پولیس کی جانب سے ملزم کی واردات اور گرفتاری کی تصدیق کردی گئی ہے۔

سابق صوبائی وزیر سہیل انور سیال کے گھر چوری کی فلمی نوعیت کی واردات کئی روز قبل ہوئی جب سہیل انور ملک سے باہر تھے۔

ذرائع کے مطابق ایک ملزم سہیل انور سیال کے گھر کے باتھ روم میں 6 گھنٹے تک موجود رہا، ملزم سکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی کے باوجود گھر میں داخل ہو گیا۔

ملزم سہیل انور سیال کے گھر قیمتی اسلحہ چرانے گیا تھا جس مقام پر اسلحہ موجود تھا وہاں آمد و رفت کے باعث اس نے خود کو 6 گھنٹے باتھ روم میں بند رکھا، ملزم گاڑی میں آیا تھا جو سہیل انور کے گھر کے باہر کھڑی کی، ملزم نے اپنے کزن کو فون کرکے بتایا کہ گاڑی کی دوسری چابی کہاں ہے، ملزم کا کزن گاڑی کی دوسری چابی سے گاڑی سہیل انور سیال کے گھر سے لے گیا۔

ملزم نے موقع ملنے پر دو قیمتی رائفلیں چھپائیں اور بیگ میں رکھ کر چھت سے پھینکی، وہ بیگ درختوں میں اٹک کر سہیل انور سیال کے پڑوسیوں کے گھر جاگرا، ملزم پڑوسیوں کے گھر گیا اور کہا کہ وہ سہیل انور سیال کے گھر سے آیا ہے، وہ رائفلوں کا بیگ لے کر وہاں سے فرار ہوگیا۔

پولیس نے ملزم کو دونوں رائفلیں فروخت کرتے ہوئے پکڑ لیا جس کے بعد اس کے قبضے سے رائفلیں ضبط کرلیں جب کہ ملزم کی نشاندہی پر اس کے کزن کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

دونوں ملزمان کو کئی روز قبل گرفتار کیا گیا اور ملزمان اس وقت پولیس کی حراست میں ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں