کابل کے لیے کمرشل پروازیں، پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن پیرسے شروع

پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے کابل کے لیے کمرشل پروازوں کا دوبارہ آغاز کر رہی ہے۔

سنیچر کو پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ’پیر کو اسلام آباد سے کابل کے لیے پروازوں کو دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے‘

گذشتہ ماہ طالبان کے قبضے کے بعد کابل کے لیے کمرشل پروازوں کا آغاز کرنے والی پی آئی اے پہلی غیر ملکی ایئرلائن ہوگی۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی فلائٹس کی تعداد کا دارو مدار مسافروں کی ڈیمانڈ پر ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے پاس 73 درخواستیں آئی ہیں جو حوصلہ افزا ہیں، یہ درخواستیں انسانی امدادی ایجنسیوں اور صحافیوں کی جانب سے ملی ہیں۔‘

خیال رہے کہ 15 اگست کو کابل میں اقتدار پر قبضے کے بعد سے تاحال کسی بھی ملک نے طالبان کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا اور بین الاقوامی ایئرلائنز افغانستان کی فضائی حدود استعمال کرنے سے گریز کر رہی ہیں۔ 

رواں ہفتے افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت کے قیام کے اعلان کے بعد امریکیوں سمیت 100 سے 150 غیر ملکیوں کو کابل سے کمرشل پرواز کے ذریعے باہر جانے کی اجازت دی گئی تھی جس کے بعد جمعرات کو  قطر ایئرویز کی یہ پرواز دوحہ پہنچی۔ 

اے ایف پی کے مطابق قطر ایئر ویز کی فلائٹ میں 113 مسافر تھے جن میں امریکی، کینیڈین، جرمن اور یوکرین کے شہری شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں