چین نے پاکستان کو آسمانی بجلی گرنے کی پیشگی اطلاعات دینے والے موسمیاتی ڈیٹیکٹرز کا تحفہ دیا ہے جس سے ملک بھر خصوصاً تھرپارکر کے باسی جانی و مالی نقصان سے محفوظ رہ سکیں گے۔
ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات مہر صاحب زاد خان کے مطابق چین نے 10 لاکھ ڈالرز مالیت کے 25 موسمیاتی ڈیٹیکٹرز پاکستان کو بلا معاوضہ دیے ہیں، چینی آلات آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کی بروقت پیشگوئی کر سکیں گے۔
مہر صاحب زاد خان کا کہنا ہے کہ موسمیاتی ڈیٹیکٹرز پورے ملک میں نصب کر رہے ہیں، چین سے 14000 کلومیٹر رینج والا ریڈار بھی لے رہے ہیں، نئے آلات موسمیاتی تبدیلیوں کے سبب قدرتی آفات کی بروقت نشاندہی کریں گے۔
ڈی جی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تھرپارکر میں بجلی گرنے کے واقعات میں متعدد افراد اور سینکڑوں مویشی ہلاک ہوئے ہیں، ان موسمیاتی ڈیٹیکٹرز کی مدد سے تھرپارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان سے بچنے میں مدد ملے گی۔