چیئمپئنز ٹرافی 2025ء 8 ٹیموں کے مابین 15 میچز تین مقامات پر کھیلے جائیں گے، رمیزراجہ

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے اہم ایونٹ کی میزبانی پاکستان کو دیئے جانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں رمیز  راجہ نے کہا کہ فروری 2025 میں پاکستان میں کھیلے جانے والے چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا میزبان پاکستان اس ایونٹ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع بھی کرے گا۔ 

انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں 8 ٹیموں کے مابین کُل 15 میچز کھیلے جائیں گے، یہ میچز تین مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے، ایونٹ کے کامیاب انعقاد سے دنیا کو بتائیں گے کہ ہم کرکٹ سے کتنی محبت کرتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کے مطابق ایونٹ کے میچز پاکستان کے تین شہروں میں ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہوں البتہ راولپنڈی میں میچز کے انعقاد کا حتمی فیصلہ موسم کی صورتحال دیکھ کر کیے جانے کا امکان ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ ایونٹ کی میزبانی ملنے پر بہت خوش ہوں، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ذریعے دنیا کو باور کروائیں گے کہ ہم کتنے عظیم میزبان ہیں، یہ ایونٹ پاکستان میں رہنے والے شائقین کرکٹ کے لیےکسی اعزاز سے کم نہیں، اب ہمیں آئی سی سی کی توقعات اور مقررہ معیار کے مطابق ایک ایونٹ کے کامیاب انعقاد کی منصوبہ بندی کرنی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں