اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پرسماعت آج ہوگی جہاں چیف جسٹس عامرفاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ سماعت کرے گا۔
عدالت میں حاضری کے لیے عمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے میں پہنچ چکے ہیں جہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کا مؤقف ہےکہ عمران خان کی گاڑی کو احاطہ عدالت میں داخلےکی اجازت نہیں ملی، عمران خان کو ویل چیئرپرکمرہ عدالت لے جایا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما گاڑی میں ہی عمران خان کی عدالت میں حاضری لگوانے کے خواہش مند ہیں اور وہ عمران خان کی گاڑی احاطہ عدالت میں لےجانے پر بضد ہیں۔
پارٹی رہنماؤں نے استدعا کی ہےکہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے،گاڑی کوکمرہ عدالت تک لانےکی اجازت دی جائے اور گاڑی کے داخلے کی اجازت نہ ملنے پرگاڑی میں حاضری لگوائی جائے۔
اس موقع پر وکلا نے مشورہ دیا ہےکہ ضمانت قبل ازگرفتاری کے لیے کمرہ عدالت میں بذات خود پیش ہونا لازمی ہے۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز عمران خان ٹانگ میں سوجن اور درد کے باعث پیش نہیں ہوئے تھے،عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں آج تک توسیع کی تھی۔
وکیل سلمان صفدر نے عمران خان کی آج ہر صورت میں پیشی کی یقین دہانی کرائی تھی۔
عمران خان کی پیشی کے موقع پر کورٹ روم نمبر ایک میں وکلا، صحافیوں کا داخلہ خصوصی پاس کے ذریعے ہوگا جب کہ عمران خان کے ساتھ 15 وکلا کوکمرہ عدالت جانےکی اجازت ہوگی، اس کے علاوہ اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل آفس سے 10 وکلا کمرہ عدالت جا سکیں گے ۔
ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے 30 ممبران کو کمرہ عدالت جانےکی اجازت ہوگی، کسی بھی غیرمتعلقہ شخص کی احاطہ عدالت میں داخلےپر پابندی ہوگی ، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کی بھاری نفری سکیورٹی پر تعینات ہوگی۔