پی ٹی آئی کی کے پی حکومت نے 470 ارب کہاں خرچ کیے؟ وزیراعظم نے تحقیقات کی ہدایت کردی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کی نگران حکومت سے 470 ارب روپے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہےکہ پی ٹی آئی حکومت نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے 470 ارب روپے کہاں پرخرچ کیے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم کے دورہ پشاور کے موقع پر پی ڈی ایم قیادت کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

اس ملاقات میں مولانا فضل الرحمان، اکرم درانی، آفتاب شیرپاؤ، غلام احمد بلور اور ایمل ولی موجود تھے۔

صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم قیادت نے وزیراعظم اور معاشی ٹیم کو بریفنگ دی اور پی ڈی ایم قیادت نے وزیراعظم کو بتایا کہ صوبے کے پاس تنخواہوں کے لیے فنڈز نہیں ہے جب کہ نگران وزیراعلیٰ اعظم خان نے وزیراعظم کو صوبے کی معاشی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔

اسی طرح پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے معاشی ٹیم کے سامنے چار مطالبات رکھے جن میں اے جی این قاضی فارمولے کے تحت صوبے 918 ارب روپے کی بات کی گئی، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا حصہ، ضم اضلاع کے لیے بقایا رقم کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے پی ڈی ایم قیادت اور صوبائی حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بجلی، خالص منافع اور این ایف سی کے بقایاجات کی ادائیگی کی جائے گی، عبوری بجٹ کے لیے قابل تقسیم محاصل میں جو حصہ بنتا ہے وہ فنڈز بھی فراہم کیے جائیں  گے۔

وزیراعظم نے صوبائی حکومت کو 470 ارب روپے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے 470 ارب روپے کہاں پرخرچ کیے ؟

اپنا تبصرہ بھیجیں