اسلام آباد: ترجمان قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی ارکان کو قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی نے آئینی ماہرین کی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ اسمبلی اجلاس میں تحریک انصاف کے مستعفی ارکان شریک نہیں ہوسکتے۔
ترجمان نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں سے متعلق سندھ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کیا اور سندھ ہائیکورٹ نے اسپیکر قومی اسمبلی کے فیصلے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں دیا۔
ترجمان کے مطابق مستعفی ہونے والے ارکان اب قومی اسمبلی کے رکن نہیں رہے اور کسی بھی مستعفی رکن کو ایوان میں آنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی کیونکہ قومی اسمبلی رولز کے مطابق کوئی اجنبی ایوان میں داخل نہیں ہوسکتا۔