پی ٹی آئی نےکے پی میں الیکشن کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائرکردی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخوا (کے پی) میں انتخابات کے معاملے پر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

سابق اسپیکرکے پی مشتاق غنی نے درخواست بیرسٹرگوہرکی وساطت سے دائر کی ہے، درخواست میں الیکشن کمیشن اور گورنرکے پی کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہےکہ گورنر کے پی یکم مارچ کے عدالتی حکم  پر عمل نہیں کر رہے۔

درخواست میں کہا گیا ہےکہ گورنر کے پی نے میڈیا پر 28 مئی کی تاریخ کا اعلان کیا اور بعد میں مُکرگئے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ آئین کے مطابق 90 دن میں انتخابات ضروری ہیں، سپریم کورٹ گورنرکے پی کو انتخابات کی تاریخ کا حکم دے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا (کے پی) میں الیکشن کے التوا سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کا 8 اکتوبر کو الیکشن کرانے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پنجاب میں 14 مئی کو الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔

سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا کہ کے پی میں انتخابات کے لیےگورنر کی طرف سے عدالت میں نمائندگی نہیں کی گئی، کے پی میں الیکشن کی تاریخ کے لیے متعلقہ فورم سے رجوع کیا جائے، کے پی میں انتخابات کے لیے درخواست گزار عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں