حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں۔
اسلام آباد میں شہباز شریف اور آصف زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے حکومت سازی کے لیے اپنے نمبر پورے کرلیے ہیں، وزیراعظم کے لیے شہباز شریف دونوں پارٹیوں کے متفقہ امیدوار ہوں گے جب کہ آصف زرداری صدر کے لیے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔
اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے پاس حکومت بنانے کے نمبر پورے ہیں، ہم نئی حکومت بنانےکی پوزیشن میں ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا کہ آزاد امیدوار اپنی اکثریت ثابت کریں اور حکومت بنائیں، ہم دل سے قبول کریں گے، تحریک انصاف نے سنی اتحاد کونسل اور ایم ڈبلیو ایم سے اتحادکیا ہے، لیکن اس کے باوجود ان کے پاس حکومت بنانےکے لیے نمبر پورے نہیں ہیں۔
صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ ہم مشاورت سے آگے بڑھیں گے، آصف زرداری اور بلاول کے بھرپور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، یہ باریاں لینے کی بات نہیں، ہمیں پاکستان کو مشکلات سے نکالنا ہے، ہمارے اتحاد میں بزرگ بھی ہیں اور جوان بھی، دونوں مل جائیں تو بڑی طاقت بنتے ہیں۔
اس سے قبل اسلام آباد میں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں حکومت سازی سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں بلاول بھٹو، شہباز شریف، اسحاق ڈار ، مراد علی شاہ، قمر زمان کائرہ اور احسن اقبال بھی موجود تھے۔