پاک ایران وزرائے خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ، جلیل عباس کا ایرانی کارروائی پر اظہار تشویش

اسلام آباد: پاکستان اور  ایران کے  وزرائے خارجہ کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں پاکستانی وزیر خارجہ  نے بلوچستان میں ایران کی کارروائی پر اظہار  تشویش کیا ہے۔

 وزارت خارجہ نے پاکستان اور  ایران کے  وزرائے خارجہ کی فون پربات کی تصدیق کی ہے۔

ذرائع دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے ایران کے وزیرخارجہ  حسین امیرعبداللہیان سےکارروائی پر  اظہار تشویش کیا ہے

خیال رہےکہ گزشتہ روز ایرانی سکیورٹی فورسز کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان میں میزائل اور ڈرون حملےکیےگئے تھے۔

ایرانی سرکاری ٹی وی نور نیوز کی خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایرانی سکیورٹی فورسز کی جانب سے پاکستان کے صوبے بلوچستان میں جیش العدل نامی تنظیم کے دو ٹھکانوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیےگئے۔

وزارت خارجہ کے مطابق پاکستانی فضائی حدود میں ایرانی حملےکے نتیجے میں دو معصوم بچے جاں بحق اور تین بچیاں زخمی ہوئی تھیں۔

پاکستان نے جواب میں ایران سے اپنے سفیر کو واپس بلانے اور ایرانی سفیر کو ملک بدر کرنےکا اعلان کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں