پاکستان میں کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 16 مریض ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 785 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
سنیچر کو جاری کیے گئے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تعداد 253 ہوگئی ہے جبکہ کل 11 ہزار 940 کے لگ بھگ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
پاکستان میں دو ہزار 700 سے زائد افراد کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد صحت یاب بھی ہوئے اور اس وقت 717 ہسپتالوں میں تین ہزار سے زائد مریض زیرعلاج ہیں، دیگر متاثرین کو گھروں میں ہی قرنطینہ کیا گیا ہے۔
ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے پنجاب میں متاثرین کی تعداد پانچ ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ سندھ میں تین ہزار 946 افراد میں وائرس پایا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 700 جبکہ بلوچستان میں 656 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔