ٹی 20 کی تاریخ کا کم ترین اسکور، مخالف ٹیم نے ہدف 2 گیندوں پر حاصل کرلیا

ایک بین الاقوامی ٹی 20 میچ میں آئل آف مین کی ٹیم نے ایسا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا جو یہ ٹیم کبھی حاصل نہیں کرنا چاہتی تھی۔

26 فروری 2023 کو برطانیہ کی نیم خود مختار ریاست کی کرکٹ ٹیم نے اسپین کے خلاف مینز ٹی 20 کرکٹ میچ کے کم ترین اسکور کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔

اسپین کے شہر کارٹیجینا میں کھیلے گئے میچ میں آئل آف مین کی پوری ٹیم 10 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔

ٹیم کے 6 بیٹر صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ جوزف بروز نے سب سے زیادہ اسکور بنایا جو محض 4 رنز تھا۔

مجموعی طور پر یہ ٹیم 8.4 اوورز میں آل آؤٹ ہوگئی۔

اسپین کی جانب سے محمد کامران اور عاطف محمود نے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں۔

اس کے جواب میں اسپین نے 11 رنز کا ہدف محض 2 گیندوں پر حاصل کرلیا اور 10 وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔

ویسے آئل آف مین کی جانب سے 3 گیندیں کرائی گئی تھیں مگر پہلی گیند نو بال تھی جس کے بعد باقی 2 گیندوں پر اوپنر اویس احمد نے 2 چھکے لگا کر میچ ختم کر دیا۔

اسپین کی ٹیم نے مجموعی طور پر 13 رنز اسکور کیے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ 6 میچز کی سیریز کا 5 واں میچ تھا اور اسپین نے اب تک تمام میچ جیتے ہیں۔

اس سے قبل ٹی 20 کی تاریخ کا کم ترین اسکور 15 تھا جو دسمبر 2022 میں بگ بیش لیگ کے دوران سڈنی تھنڈرز نے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف بنایا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں