وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کپاس کے کاشتکاروں کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کپاس کی رواں سال قیمت ساڑھے 8 ہزار روپے فی من (40 کلو) مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔
زرعی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس معاملے کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے سامنے ترجیحی بنیادوں پر رکھا جائے، انہوں نے صوبوں پر زور دیا کہ وہ کپاس کی نئی قیمت پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کپاس کو ملک کے ٹیکسٹائل سیکٹر میں ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس اقدام سے کاشتکاروں کو خاطر خواہ مدد ملے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ سال سیلاب، شدید بارشوں، نہری پانی کی کمی اور کھاد کے بحران کی وجہ سے کپاس کی پیداوار میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی جبکہ رواں سال کپاس کی مجموعی پیداوار کا تخمینہ ایک کروڑ 28 لاکھ بیلز لگایا گیا ہے۔